کراچی میں 6 افراد ہلاک، شہر کے مختلف علاقوں میں رینجرز کا سرچ آپریشن

Karachi

Karachi

کراچی میں فائرنگ اور پر تشدد واقعات کے دوران باپ بیٹے اور پولیس اہلکار سمیت 6 افراد لقمہ اجل بن گئے۔ رینجرز نے شہر کے مختلف علاقوں میں کاروائیاں کرتے ہوئے ٹارگٹ کلرز سمیت24 ملزمان کو حراست میں لیا۔

پولیس حکام کیمطابق گارڈن دھوبی گھاٹ کی کچرا کنڈی سے باپ بیٹے کی بوری بند لاشیں ملیں مقتولین کی شناخت سولجر بازار کے رہائشی پچپن سالہ عبدالواحد اور اٹھارہ سالہ بلال کے ناموں سے ہوئی جنھیں بدھ کے روز ڈیوٹی پر جاتے ہوئے اغوا کیا گیا اور شدید تشدد کے بعد فائرنگ کر کے ابدی نیند سلا دیا گیا۔

تھانہ بغدادی کی حدود کھارادر جماعت خانہ کے قریب نامعلوم افراد نے فائرنگ کرکے پولیس اہلکار محمد راشد کو زندگی سے محروم کر دیا۔ کلیم نامی شخص کو اورنگی ٹاون اسلام چوک کیقریب نامعلوم افراد نے فائرنگ کر کے موت کے گھاٹ اتار دیا۔تھانہ سہراب گوٹھ کی حدود میں غلہ منڈی سے نورحسین نامی شخص کی لاش ملی جسے 4 گولیاں مار کرقتل کیا گیا تھا۔

ماڑی پور کران سینما کے قریب سے بھی ایک نامعلوم شخص کی تشدد زدہ بوری بند لاش ملی۔ کریم آباد، اورنگی ٹاون اور نیو کراچی میں فائرنگ کے مختلف واقعات میں تین افراد زخمی ہوئے۔ دوسری جانب جرائم پیشہ افرادکی موجود گی کی خفیہ اطلاع پر رینجرز نے نادرن بائی پاس اوراس کے اطراف کے علاقوں میں ٹارگٹڈ آپریشن کیا جس میں خواتین سرچرز سمیت 400 رینجرز اہلکاروں نے علاقے کو گھیرے میں لیکر گھر گھر تلاشی لی۔ اسکے علاوہ رینجرز نیسلطان آباد، ماڈل کالونی، لیاری اور برزٹہ لائن سمیت ایک درجن سے زائد مقامات پر چھاپہ مار کاروائیاں بھی کیں۔

سندھ رینجرزکے ترجمان کا کہنا تھا کہ تمام کاروائیوں کے دوران ٹارگٹ کلنگ میں ملوث ملزمان سمیت 24 جرائم پیشہ افراد کو حراست میں لیا گیا ہے جن کے قبضے سے 30 اقسام کے چھوٹے بڑے ہتھیاربھی برآمد ہوئے ہیں۔ زیر حراست ملزمان کو مزید تفتیش کیلئے نامعلوم مقام پر منتقل کیا گیا۔