مظفر آباد (جیوڈیسک) آزاد کشمیر کے وزیر اطلاعات، زراعت و لائیو سٹاک سید بازل علی نقوی نے کہا ہے کہ 18 اکتوبر کو عوام کا ایک سمندر کراچی میں چیئرمین بلاول بھٹو کا تاریخی اور والہانہ اسقبال کر کے بھٹو ازم اور بے نظیر افکار پر مہر تصدیق ثبت کرے گا۔ مظفر آباد ڈویژن سمیت پورے آزاد کشمیر سے بھٹو کے عشاق جوق در جوق 18 اکتوبر کے جلسہ میں شرکت کریں گے آزاد کشمیر کے جیالوں کیلئے 6 ٹرینیں بک کر ا دی ہیں گاڑیوں کے قافلے اس کے علاوہ ہیں۔
لوگوں کا جوش و خروش دیدنی ہے ،کھلا سے ن لیگ اور مسلم کانفرنس چھوڑ کر پی پی پی میں شامل ہونے والے راجگان کو خوش آمدید کہتا ہوں۔ حلقہ دو کی تعمیر و ترقی اور لوگوں کو تمام بنیادی سہولتوں کی فراہمی میرا خواب ہے جس کی تعبیر کے لئے دن رات ایک کر دوں گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے کھلا میں بڑے عوامی جلسے سے خطاب کرتے ہوے کیا۔ اس موقع پر راجہ ساجد خان، راجہ ادریس خان، راجہ عدیل خان، راجہ وقار خان، راجہ عاصم، راجہ نوید اور دیگر نے ن لیگ اور مسلم کانفرنس چھوڑ کر پاکستان پیپلزپارٹی میں شمولیت اور سید بازل علی نقوی کی قیادت پر اعتماد کا اظہار کیا۔