کراچی (جیوڈیسک) کراچی میں 8 ویں محرم کا مرکزی جلوس نشتر پارک سے دوپہر کو برآمد ہوگا جو اپنے روایتی راستوں سے ہوتا ہوا حسینان ایرنیان پر اختتام پذیر ہوگا۔ اس موقع پر سیکورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں۔
ایم اے جناح روڈ کو کنٹینرز لگا کر بند کر دیا گیا ہے ، جبکہ ایم اے جناح روڈ کے اطرا ف دکانوں کو بھی سیل کر دیا گیا ہے۔ نشتر پارک میں مجلس کے بعد انجمن سادات امروہہ کے زیر اہتمام 8 محرم الحرام کا ماتمی جلوس دوپہر بارہ بجے برآمد ہو گا۔
جو امام بارگاہ شاہ خراسان سے ہوتا ہوا نمائش چورنگی، ایم اے جناح روڈ، سی بریز، صدر، ریگل، ریڈیو پاکستان، جامع کلاتھ، بولٹن مارکیٹ سے ہوتا ہوا حسینیہ ایرانیاں پر اختتام پذیر ہو گا۔ مرکزی جلوسوں کی سیکیورٹی کے لئے ایم اے جناح روڈ کو ٹریفک کے لئے کر دیا گیا ہے۔
ایم اے جناح روڈ کے اطراف کی دکانیں بھی سیل کر دی گئی ہیں ۔ مرکزی جلوس اور شہر بھر میں سیکورٹی کے لئے پولیس کی 20 ہزار سے زائد نفری تعینات کی گئی ہے۔ جلوس کے راستوں پر بلند عمارتوں پر سنائیپر شوٹرز تعینا ت کئے جائیں گے۔
جلوس کے آغاز سے پہلے سراغ رساں کتوں اور بم ڈسپوزل سکواڈ کی مدد سے کلئیرنس دی جائے گی۔ پولیس اور رینجرز پر مشتمل رسپانس فورس مرکزی جلوس اور حساس علاقوں میں تعینات کی جائے گی۔
جلوس کی مانیٹرنگ ساڑھے تین سو سی سی ٹی وی کیمروں کی مدد سے کے ایم سی اور پولیس کمانڈ اینڈ اینڈ کنٹرول روم سے کی جائے گی۔ سیکورٹی خدشات کے مدنظر موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر بھی پابندی لگا دی گئی ہے۔