کراچی (جیوڈیسک) سابق صدرآصف علی زرداری نے کہا ہے کہ اصل جنگ عسکریت پسندوں کا ذہن تبدیل کرنا ہے۔ انتہا پسندوں سے مذاکرات یا طاقت کا استعمال جنگ کا صرف ایک حصہ ہے۔ یہ بات انہوں نے بلاول ہاوٴس کراچی میں کینیڈا کے ہائی کمشنر سے گفتگو کے دوران کہی۔
آصف زرداری کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پیپلز پارٹی کو بہت نقصان پہنچا۔ بے نظیر بھٹو نے عسکریت پسندوں سے لڑتے ہوئے اپنی جان دے دی۔ آصف زرداری سے بھارتی ہائی کمشنر ڈاکٹر راگھون نے بھی ملاقات کی۔
اس موقع پر سابق صدر کا کہنا تھا کہ خطے کے امن اور سیکیورٹی کے لیے پاکستان اور بھارت کے درمیان تعاون میں بہتری کی ضرورت ہے۔ پیپلز پارٹی نے ہمیشہ ہی پاک بھارت تجارت اور عوامی رابطوں کے فروغ کی کوشش کی تاکہ دونوں ملکوں کے تعلقات معمول پر آسکیں۔