جامعہ کراچی میں داخلوں کے انٹری ٹیسٹ این ٹی ایس کے سپرد، بی کام میں اردو کا مضمون بحال

Karachi University

Karachi University

کراچی (جیوڈیسک) جامعہ کراچی نے آئندہ ماہ سے شروع ہونے والے بیچلرز اور ماسٹرز کے داخلوں کے لیے انٹری ٹیسٹ ایک بار پھر این ٹی ایس کے سپرد کردیے ہیں، ٹیسٹ کے حامل تمام شعبوں میں داخلہ ٹیسٹ این ٹی ایس سے کرانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

جامعہ کراچی نے8 سال بعد بی کام کے نصاب میں اردوکا مضمون بحال کردیا ہے بی کام کے نصاب میں اردولازمی قراردے دی گئی ہے یہ فیصلے جامعہ کراچی کی اکیڈمک کونسل کے اجلاس میں کیے گئے۔

جو وائس چانسلر ڈاکٹر محمد قیصرکی زیرصدارت ہوا، اجلاس میں کالجوں کے ڈگری پروگرام میں تھرڈ ڈویژن بحال کرنے کا فیصلہ موخر کردیا گیا جس سے تھرڈ ڈویژن کی متوقع بحالی کے فیصلے کے منتظر طلبا میں مایوسی پھیل گئی۔

جامعہ کراچی کی اکیڈمک کونسل کے اجلاس کے فیصلے کے مطابق آئندہ تعلیمی سال 2015 کے ٹیسٹ کے حامل شعبہ جات کے داخلہ ٹیسٹ نیشنل ٹیسٹنگ سروس سے کرائے جائیں گے جبکہ اس سال یونیورسٹی کے شعبہ فوڈ اینڈ سائنس میں داخلے بھی انٹری ٹیسٹ کی بنیاد پر ہوں گے۔

اجلاس میں شعبہ فارمیسی میں ٹیسٹ کے پاسنگ مارکس60 سے کم کرکے50 کردیے گئے اور اس سال تمام شعبوں میں ٹیسٹ کے پاسنگ مارکس 50 مقرر کیے گئے ہیں یاد رہے کہ گزشتہ سال فارمیسی میں ٹیسٹ کے پاسنگ مارکس 60 ہونے کے سبب شعبہ فارمیسی میں ایوننگ پروگرام کی کئی نشستیں خالی رہ گئی تھیں جس کے بعد جامعہ کراچی نے نشستیں پر کرنے کے لیے کم نمبروں کے حامل طلبا کو بھی داخلے دیے تھے۔

اکیڈمک کونسل نے شعبہ اردوکے بورڈ آف اسٹیڈیزکی تجویز پر بی کام کے نصاب میں اردوکا مضمون دوبارہ شامل کرنے کی منظوری دے دی اس فیصلے پر عمل آئندہ تعلیمی سال سے ہوگا یاد رہے کہ سابق وائس چانسلر ڈاکٹر پیرزادہ قاسم کے دورمیں یونیورسٹی کے شعبہ کامرس کی تجویز پر بی کام کے نصاب سے اردوکا مضمون نکال دیاگیاتھا جسے اب دوبارہ شامل کیا گیا ہے۔