کراچی (جیوڈیسک) کراچی میں سہراب گوٹھ کے قریب افغان بستی میں ٹارگٹڈ آپریشن کے دوران تین مبینہ دہشت گرد مارے گئے،پولیس نے کارروائی کے دوران پانچ غیر ملکیوں کو حراست میں لے لیا۔
ایس ایس پی ملیر راؤ انوار کے مطابق سپر ہائی وے پر سہراب گوٹھ کے قریب افغان بستی میں غیر ملکیوں کی موجودگی کی اطلاع پر کارروائی کی گئی ، ٹارگٹڈ آپریشن کے دوران علاقے کے داخلی اور خارجی راستے بند کر دیئے گئے۔
جبکہ پولیس کی جانب سے علاقہ مکینوں کو گھروں سے باہر نہ نکلنے کی ہدایت کی گئی۔ پولیس اور ملزمان کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا ،ایس ایس پی ملیر کے مطابق ٹارگٹڈ آپریشن کے دوران تین دہشت گرد مارے گئے۔
افغان بستی کے قریب ایک فلیٹ سے دھماکا خیز مواد اور بڑی تعداد میں گولیاں برآمد ہوئیں جبکہ کارروائی کے دوران پانچ غیر ملکیوں کو حراست میں بھی لے لیاگیا جن سے اسلحہ بھی برآمد ہوا ہے۔