کراچی (جیوڈیسک) ایم کیو ایم کی جانب سے ڈاکٹر فاروق ستار کے کوآرڈینیٹر آفتاب احمد کی زیر حراست موت کے خلاف کراچی میں پرامن یوم سوگ منایا گیا، تاہم یوم سوگ کے موقع پر شہر کے کاروباری و تجارتی مراکز سمیت ٹرانسپورٹ معمول کے مطابق رہیں۔
ایم کیو ایم کی جانب سے نمائش چورنگی، لیاقت آباد، فائیو اسٹار چورنگی اور حسن اسکوائر سمیت مختلف مقامات پر آفتاب احمد کی ہلاکت کے خلاف احتجاجی مظاہرے کئے گئے اور رہنماؤں نے بازوؤں پر کالی پٹیاں باندھ کر احتجاج میں شرکت کی۔
نمائش چورنگی پر ہونے والے مظاہرے میں شریک ایم کیو ایم کے رہنماء وسیم اختر کا کہنا تھا کہ آرمی چیف جنرل راحیل شریف کا آفتاب احمد کی زیر حراست موت کے واقع کا نوٹس لینا خوش آئند ہے۔
فائیو اسٹار چورنگی میں ہونے والے مظاہرے میں شریک ایم کیو ایم رابطہ کمیٹی کے رکن امین الحق کا کہنا تھا کہ آفتاب احمد کے اہل خانہ اور ایم کیو ایم انصاف کی منتظر ہے۔ ایم کیو ایم کی جانب سے کراچی کے مختلف مقامات پر کئے جانے والے احتجاجی مظاہرے سڑکوں کے کناروں اور چورنگیوں تک محدود رکھے گئے۔