کراچی ایئر پورٹ کے اطراف 2 گروپوں میں فائرنگ، 1 شخص زخمی

Karachi Airport

Karachi Airport

کراچی (جیوڈیسک) کراچی ایئر پورٹ کے اطراف میں 2 گروپوں میں فائرنگ کے دوران ایک شخص زخمی ہوگیا۔ کراچی کے علاقے الفلاح اور اسٹارگیٹ کے قریب ہونے والی شدید فائرنگ کے بعد پولیس کی اضافی نفری طلب کرلی گئی، جس کے بعد فائرنگ کا سلسلہ تھم گیا ہے۔ شارع فیصل پر کراچی ائیرپورٹ کے سامنے، الفلاح، رفاع عام اور اسٹارگیٹ کے قریب دو گروپوں کے درمیان مسلح تصادم ہوا۔

تصادم ایک سیاسی جماعت اور گینگ وار کے گروپ کے درمیان ہوا جس کے نتیجے میں متاثرہ علاقوں میں شدید خوف وہراس پھیل گیا، فائرنگ کا سلسلہ آدھے گھنٹے سے زائد جاری رہا۔ ایس ایس پی ایسٹ عمران شوکت کا کہنا ہے کہ ائیرپورٹ، الفلاح اور اسٹارگیٹ کے قریب ہونے والی شدید فائرنگ کے بعد پولیس کی اضافی نفری طلب کرلی گئی۔

اور پولیس کی نفری پہنچنے کے بعد فائرنگ کا سلسلہ رک گیا ہے، ایس ایس پی عمران شوکت نے بتایا کہ فائرنگ کے بعد ملزمان کی تلاش شروع کردی گئی ہے اور مشتبہ افراد کی موجودگی کی اطلاع پر علاقے کی ناکہ بندی بھی کردی گئی ہے، اسٹار گیٹ کے قریب ہونے والی فائرنگ کے نتیجے میں 40 سالہ ناصر محمود زخمی ہو گیا، جسے طبی امداد کے لئے جناح ھسپتال منتقل کیا گیا ہے۔