اسلام آباد (جیوڈیسک) ذرائع کے مطابق پنجاب حکومت کے ہوم ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے وفاقی وزارت داخلہ کو ایک ریفرنس بھیجا گیا ہے جس میں استدعا کی گئی ہے کہ ماڈل ایان علی کا نام ای سی ایل میں ڈالا جائے تاکہ وہ بیرون ملک نہ جا سکے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ پنجاب حکومت نے ریفرنس مقتول کسٹم انسپکٹر اعجاز محمود کی بیوہ کی طرف سے لاہور ہائیکورٹ میں دائر رٹ کے جواب میں بھیجا ہے۔
مقتول اعجاز محمود کی بیوہ نے رٹ میں استدعا کر رکھی ہے کہ ایان علی ان کو ان کے مقتول شوہر اعجاز محمود کے قتل کی تفتیش کیلئے درکار ہے، اس لئے ایان علی کو ملک سے باہر جانے سے روکا جائے۔ لاہور ہائیکورٹ نے اعجاز محمود کی بیوہ کی رٹ وزارت داخلہ کو بھی بھجوا رکھی ہے۔ ذرائع کے مطابق وفاقی وزارت داخلہ کی ای سی ایل کمیٹی کا اجلاس آج یا کل متوقع ہے جس میں پنجاب حکومت کی درخواست پر فیصلہ کیا جائے گا۔