کراچی (جیوڈیسک) ایئرپورٹ سیکیورٹی فورس، رینجرز اور پولیس حکام کا کہنا ہے کہ جناح انٹر نیشنل ایئرپورٹ پر کوئی حملہ نہیں بلکہ صرف فائرنگ کا واقعہ پیش آیا۔ ڈی جی اے ایس ایف اعظم خان کا کہنا تھا کہ ایئرپورٹ پر کوئی حملہ نہیں ہوا بلکہ پہلوان گوٹھ سے فائرنگ کی گئی، فائرنگ کے واقعہ کا ایئرپورٹ پر حملے سے کوئی تعلق نہیں، فائرنگ کے واقعے کے ساتھ ہی پولیس، رینجرز، فوج اور اے ایس ایف کی نفری موقع پر پہنچ گئی اور علاقے میں فائرنگ کرنے والے ملزمان کی تلاش کے لئے سرچ آپریشن شروع کر دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ کراچی ایئرپورٹ پر سیکیورٹی کا کوئی مسئلہ نہیں بلکہ ایئرپورٹ 100 فیصد محفوظ ہے۔
رینجرز کے سیکٹر کمانڈر کا کہنا تھا کہ پہلوان گوٹھ جیسے حساس علاقے ملک کے دیگر شہروں میں بھی موجود ہیں جب کہ اس علاقے میں جرائم پیشہ افراد بھی موجود ہیں۔ انہوں نے کہا کہ رینجرز اور پولیس کی جانب سے اس علاقے میں متعدد بار آپریشن بھی کئے گئے۔ واضح رہے کہ ایئر پورٹ کے قریب دہشت گردوں نے ایئرپورٹ سیکیورٹی فورس کے کیمپ پر فائرنگ کی تھی جب کہ اے ایس ایف اہلکاروں کی بھرپور جوابی کارروائی کے نتیجےمیں حملہ آور فرار ہو گئے۔