کراچی ائیرپورٹ پر حملہ: امریکا کی تحقیقات میں مدد کی پیشکش

USA

USA

واشنگٹن (جیوڈیسک) امریکا نے کراچی ائیرپورٹ پر حملے کی مذمت کرتے ہوئے تحقیقات میں مدد دینے کی پیشکش کی ہے جبکہ اقوام متحدہ نے بھی پاکستانی حکومت سے شہریوں کے تحفظ کو یقینی بنانے کا مطالبہ کیا ہے۔ کراچی ائیرپورٹ پر دہشت گردی کی دنیا بھر سے مذمت کی جارہی ہے، امریکا نے بھی اس حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔ وائٹ ہائوس کے ترجمان جوش ارنسٹ کا کہنا ہے کہ امریکا کراچی ائیرپورٹ پر شہید ہونے والے افراد کے اہل خانہ کے دکھ میں برابر کا شریک ہے، جوش ارنسٹ نے مزید کہا کہ اس حملے کے باوجود حکومت پاکستان کو ہی اس بات کا فیصلہ کرنا ہوگا کہ وہ طالبان کے ساتھ مذاکرات کرنا چاہتی ہے یا نہیں؟

محکمہ خارجہ کی ترجمان میری ہارف نے بھی ہفتہ وار بریفنگ میں کراچی حملے کی مذمت کرتے ہوئےکہا کہ یہ پاکستانی حکومت کی ذمہ داری ہے کہ وہ اپنے شہریوں کے تحفظ کو یقینی بنائے۔ میری ہارف نے کہا کہ امریکا نے دہشت گری کے خلاف جنگ میں ہمیشہ پاکستان کی مدد کی ہے کیونکہ یہ ہماری مشترکہ جنگ ہے۔ اُدھر اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل بان کی مون نے پاکستان میں دہشت گردی کی مذمت کرتے ہوئے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ ایسے واقعات کو روکنے کے لیے مزید اقدامات کرے۔

بان کی مون نے کراچی ایئرپورٹ پر حملے کے علاوہ تفتان میں زائرین پر خُودکُش حملوں کی بھی مذمت کی ہے۔ انھوں نے کہا کہ انھیں پاکستان میں تشدد کے بڑھتے ہوئے واقعات پر تشویش ہے۔ بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ حکومت ملک میں رہنے والے تمام افراد کے مذہبی حقوق کا تحفظ کرے اور ان واقعات میں ملوث افراد کو قرار واقعی سزا دے۔