کراچی ائیرپورٹ حملہ، تفتیش کے لیے کمیٹی قائم

Airport

Airport

کراچی (جیوڈیسک) پاکستان کے سب سے بڑے شہر کراچی کے بین الاقوامی ہوائی اڈے پر حملے کی تفتیش کے لیے ایک کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے۔ حملے کی تفتیش کے سلسلے میں کراچی پولیس چیف کی جانب سے قائم کی گئی کمیٹی کی سربراہی ڈی آئی جی ایسٹ منیر شیخ کریں گے۔

اس کمیٹی میں ایس ایس پی ایسٹ، ایس ایس پی ملیر، ایس ایس پی ایس آئی یو، ڈی ایس پی ایئرپورٹ اور ایس ایچ او ایئرپورٹ بھی شامل ہیں۔ یاد رہے کہ اتوار کی رات تقریباً گیارہ بجکر بیس منٹ پر دس کے قریب دہشت گردوں نے کراچی ایئرپورٹ پر حملہ کیا تھا۔

حملہ آوروں اور سیکیورٹی فورسز کے ساتھ پانچ گھنٹے تک جاری رہنے والے آپریشن میں دس دہشت گردوں سمیت 28 افراد ہلاک ہوئے تھے۔ ایک روز بعد تحریکِ طالبان پاکستان نے اس حملے کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے کہا تھا کہ یہ ان کی تنظیم کے سابق سربراہ حکیم اللہ محسود کی ہلاکت کا بدلہ ہے۔

اس سے قبل گزشتہ روز کراچی ائیرپورٹ حملے کا مقدمہ تھانے میں انسداد دہشت گردی ایکٹ کے تحت درج کیا گیا۔ ایف آئی آر میں کالعدم تحریک طالبان قیادت کے ساتھ ساتھ ترجمان شاہد اللہ شاہد کو بھی نامزد کیا گیا۔