اسلام آباد (جیوڈیسک) سابق وزیر داخلہ رحمان ملک نے کراچی ایئر پورٹ پر حملے کو پاکستان کا نائن الیون قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ دہشت گردوں کی جانب سے یہ حملہ پاکستان پر کیا گیا ہے۔ سابق وفاقی وزیرداخلہ رحمان ملک نے کہا کہ کراچی ایئرپورٹ پر حملہ پاکستان پر حملہ ہے اور یہ حملہ پاکستان کا نائن الیون ہے۔ انہوں نے کہا کہ حملے پر طالبان ترجمان شاہد اللہ شاہد کی جانب سے بیان کے بعد طالبان سے مذاکرات کی بات نہیں کی جا سکتی اب سب کو یکجا ہو کر دہشت گردوں کا مقابلہ کرنا ہو گا اور حکومت، فوج فوری دہشت گردوں کے خلاف کارروائی کرے۔
رحمان ملک کا کہنا تھا کہ امریکا کے 6 مرلے پر حملہ ہوا تو دنیا ہل گئی جبکہ دہشت گردوں نے ہمارے ایئرپورٹ پر حملہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ 8 دن پہلے حملے کی وارننگ کے باوجود وزارت داخلہ نے کچھ نہیں کیا جس کی انکوائری ہونی چاہئےجب کہ دہشت گرد جہاں بھی ہوں ان کے خلاف بلا تفریق کارروائی کی جائے۔