کراچی ایئرپورٹ حملہ: شہید اے ایس ایف اہلکار اقبال آرائیں سپرد خاک

Karachi Airport

Karachi Airport

کراچی (جیوڈیسک) کراچی ایئرپورٹ پر حملے میں شہید ہونے والے اے ایس ایف کے اہل کار اقبال آرائیں کو نوابشاہ میں سپرد خاک کر دیا گیا۔ نواب شاہ کے رہائشی اقبال آرائیں ایئرپورٹ سیکیورٹی فورس میں اسسٹنٹ سب انسپکٹر کے عہدے پر فائز تھے۔ کراچی ایئرپورٹ پر دہشت گردوں کے حملے میں اقبال آرائیں کی شہادت کی خبر ملتے ہی ان کے لواحقین فوری طور پر کراچی پہنچے اور شہید اقبال آرائیں کے جسد خاکی کو نوابشاہ لے جایا گیا۔

ورثا کا کہنا ہے کہ انھیں فخر ہے اقبال آرائیں نے ملک کے اہم اثاثوں کی حفاظت کے لیے اپنی جان کا نذرانہ پیش کیا۔ شہید اقبال آرائیں کو حاجی نصیر قبرستان میں سپرد خاک کر دیا گیا۔ ان کے جنازے میں بڑی تعداد میں لوگوں نے شرکت کی جبکہ اے ایس ایف کے دستے نے سلامی پیش کی۔ شہیدنے بیوہ، تین بیٹیاں اور دو بیٹے سوگوار چھوڑے ہیں۔