کراچی : ایئرپورٹ فلائی اوورکے قریب بجلی کی بندش کیخلاف احتجاج

Karachi

Karachi

کراچی (جیوڈیسک) کراچی میں ایئرپورٹ فلائی اوور کے قریب بجلی کی طویل بندش کے بعد علاقہ مکینوں نے شارع فیصل کے دونوں ٹریکس کو بند کر کے 4 گھنٹے تک احتجاج کیا،جس کے باعث ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی، اس موقع پر مظاہرین نے شدید نعرے بازی بھی کی۔ گولڈن ٹاون، گرین ٹاون، موریا گوٹھ اور شاہ فیصل کالونی کے کچھ علاقوں میں اتوارسے بجلی معطل ہے۔ بجلی کی طویل بندش کیخلاف ان علاقوں کے رہائشیوں نے ایئرپورٹ فلائی اوور اسٹار گیٹ کے قریب شاہراہ فیصل کو بلاک کر کے احتجاج کیا۔

مظاہرین نے تقریبا 4 گھنٹے تک شارع فیصل کے دونوں ٹریکس کو بند رکھا۔ اس دوران سڑک پر ٹائر جلائے گئے اور کے ای ایس سی کیخلاف نعرے لگائے گئے۔ احتجاجی مظاہرین نے ذرائع سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بجلی کی 3 روز سے معطلی کی وجہ سے پانی کی شدید قلت کا بھی سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔