کراچی (جیوڈیسک) ائیر پورٹ حملے میں دہشت گردوں سے مقابلے میں شہید ہونے والے رینجرز اہلکار دل مراد کی نماز جنازہ بھٹائی رینجرز ہیڈ کوارٹرز میں ادا کی گئی۔
نماز جنازہ میں ڈی جی رینجرز میجر جنرل رضوان اختر اور اعلٰی افسران سمیت بڑی تعداد میں رینجرز افسران اور اہلکاروں نے شرکت کی۔
نماز جنازہ کے بعد شہید کا جسد خاکی تدفین کے لئے اس کے آبائی علاقے فیصل آباد روانہ کی گئی۔ دوسری جانب کراچی ائیر پورٹ پر دہشت گردوں سے جواں مردی کے ساتھ مقابلہ کرتے ہوئ اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے اے ایس ایف کے گیارہ اہلکاروں کی نماز جنازہ اے ایس ایف ہیڈ کوارٹرز میں ادا کی گئی۔
نماز جنازہ میں ڈائریکٹر جنرل اے ایس ایف اعظم ٹوانہ، رینجرز اور اے ایس ایف کے افسران اورا ہلکاروں کی بڑی تعداد میں شرکت کی۔
وزیر اعلی سندھ سید قائم علی شاہ نے ائیر پورٹ حملے میں شہید ہونے والے اے ایس ایف اہلکاروں کے لیے 10 ، 10 لاکھ روپے جبکہ شہید رینجرز اہلکار کے اہل خانہ کے لیے 20 لاکھ روپے معاوضے کا اعلان کیا ہے۔ وزیر اعلی سندھ نے زخمیوں کے علاج معالجے کے لیے ایک ایک لاکھ روپے معاوضے کا اعلان کیا ہے۔
وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے سول ایوی ایشن شجاعت عظیم نے وزیر اعظم سے اے ایس ایف اہلکاروں کے لواحقین کو معاوضہ ادا کرنے کے ساتھ ساتھ حکومت کی جانب سے ان کے بچوں کی کفالت کرنے کی سفارش کی ہے۔