کراچی ائیرپورٹ آج بھی اسی طرح کام کر رہا ہے جسیے کل کر رہا تھا، پرویز رشید

Pervez Rasheed

Pervez Rasheed

اسلام آباد (جیوڈیسک) وفاقی وزیراطلاعات پرویز رشید نے کہا ہے کہ دہشت گرد کراچی ائیرپورٹ پر چار پانچ گھنٹے کیلئے نہیں پاکستان کو مفلوج کرنے آئے تھے۔ سیکیورٹی اہلکاروں نے عظیم قربانی دے کر ان کے عزائم خاک میں ملائے۔ حملے میں غیرملکی ہاتھ نظر انداز نہیں کیا جا سکتا۔

دنیا کی دوسری بلند ترین پہاڑی چوٹی کے ٹو سر کرنے کی ساٹھویں سالگرہ تقریب سےخطاب میں وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ دہشتگردی اور مذاکرات پر حکومت کا موقف واضح ہے جو بھی دہشتگردی کرے گا اس کے ساتھ وہی سلوک ہو گا جو رات کو کراچی ائیرپورٹ پر دہشتگردوں کے ساتھ کیا گیا۔

کراچی ائیرپورٹ آج بھی اسی طرح کام کر رہا ہے جیسے کل کر رہا تھا، پرویز رشید کا کہنا تھا کہ دہشت گرد صرف چار یا پانچ گھنٹے کیلئے نہیں آئے تھے وہ پاکستان کو مفلوج کرنے آئے تھے لیکن ہمارے جوانوں نے دہشت گردوں کے مقاصد کو ناکام بنایا۔

پولیس، رینجرز اور اے ایس ایف کے جوانوں نے اپنی جانیں دے کر قومی اثاثوں کی حفاظت کی۔ وزیراطلاعات کا کہنا تھا کہ دہشتگردی میں کون ملوث ہے تحقیقات کے بعد ہی اس نتیجے پر پہنچیں گے، تحقیقات کا سلسلہ وسیع کیا جا رہا ہے جس نے ایسا سوچا، یہ منصوبہ تیار کیا اور اس کے لئے فنڈنگ کی ان سب کا پاکستان سے کوئی تعلق نہیں، واقعہ میں غیر ملکی ہاتھ نظر انداز نہیں کیا جا سکتا۔