کراچی (جیوڈیسک) کراچی ائیر پورٹ پر دبئی جانے والی غیر ملکی ائیر لائن کی پرواز میں آگ لگ جانے کے باعث ائیر پورٹ پر آپریشن معطل کر دیا گیا۔
آگ غیر ملکی ائیر لائن کی پرواز ای کے 609 میں اس وقت لگی جب طیارہ رن وے پر پرواز کے لئے تیار کھڑا تھا۔ آگ لگنے کے بعد طیارے میں افرا تفری پھیل گئی اور زرائع کے مطابق کئی مسافر طیارے کی کھڑکی توڑ کر باہر بھی کود پڑے۔
آگ کے فوری بعد فائر ٹینڈرز نے موقع پر پہنچ کر کارروائی شروع کر دی اور آگ پر قابو پا لیا۔ آگ کے بعد کراچی ائیر پورٹ پر آپریشن معطل کر دیا گیا اور تمام طیاروں کی پرواز روک دی گئی۔
سول ایوی ایشن حکام کے مطابق طیارے میں سوار تمام مسافروں کو بحفاظت طیارے سے نکلانے کے بعد لاونچ میں منتقل کر دیا گیا ہے اور انہیں متبادل طیارے سے دبئی روانہ کیا جا رہا ہے۔
مسافروں کے مطابق آگ شارٹ سرکٹ کے باعث لگی جس کے بعد طیارے میں دھواں بھر گیا اور کئی بچوں سمیت مسافروں کی حالت بھی غیر ہو گئی، سول ایوی ایشن حکام نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہے۔