کراچی (جیوڈیسک) کراچی ایئر پورٹ پر کام کرنے والی نجی کارگو سروس نے دعویٰ کیا ہے کہ حملے کے بعد سے ان کے 7 ملازمین لاپتا ہیں اور تاحال ان کا کوئی سراغ نہیں مل سکا۔ کراچی ایئرپورٹ پر گزشتہ رات ہونے والے حملے کے نتیجے میں ٹرمینل ٹو پر کام کرنے والی نجی کارگو سروس کے 7 ملازمین کے لاپتا ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔
چیئرمین سی بی اے یونین ورکرز نے دعویٰ کیا ہےکہ گزشتہ رات حملوں کے بعد سے نجی کارگو سروس کے 7 ملازم لاپتا ہیں جن میں شیزان، نبیل، فرید، سیف، سلطان، فرحان اور عنایت شامل ہیں، لاپتا ملازمین میں لوڈرزاور 4 کارگو اسسٹنٹ شامل ہیں۔ چیرمین یونین کے مطابق ملازمین سے رات گیارہ سے ساڑھے گیارہ کے درمیان آخری رابطہ ہوا تھا جس میں انہوں نے بتایا تھا کہ دہشت گردوں کے حملے اور مسلسل دھماکوں کے باعث کولڈ اسٹوریج میں پناہ لینے پر مجبور ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ ملازمین سے اس کے بعد کوئی رابطہ نہیں ہوا اور ملازمین نے جس کولڈ اسٹوریج میں پناہ لی تھی اس کا ٹمپریچر 2.8 ہوتا ہے جبکہ بجلی منقطع ہونے کےبعد وہاں سانس لینے کا بھی کوئی ذریعہ نہیں ہوتا اور نہ ہی موبائل سگنل موجود ہوتے ہیں۔ چیئرمین یونین کا کہنا ہے ملازمین کی تلاش کے لیے ہماری کوئی مدد نہیں کی جارہی ہے۔