کراچی (جیوڈیسک) کراچی ایئرپورٹ پر دہشتگردوں کے حملے میں سیکورٹی فورس کے 7 اہلکاروں سمیت 15 افراد شہید ہوگئے جبکہ سیکیورٹی فورسز کی جوابی کارروائی میں 10 دہشتگرد ہلاک کردیئے گئے۔ کراچی ائیرپورٹ کے ٹرمینل ون پر دہشت گردوں نے تقریباً سوا گیارہ بجے حملہ کردیا۔
دہشت گردوں کے پاس آر پی جی راکٹ، دستی بم اور خود کش جیکٹس کے ساتھ کلاشنکوفیں بھی موجود تھیں۔ اس حملے میں ایئرپورٹ سیکورٹی فورس کے 7 اور رینجرز کے دو اہلکاروں سمیت 15 افراد جاں بحق اور 22 زخمی ہوئے۔ ترجمان رینجرز کا کہنا ہے کہ دہشت گردوں سے بھارتی ساخت کااسلحہ برآمد ہوا ہے۔ پولیس کے مطابق ایک حملہ آور کو گرفتار کرنے کی کوشش کی تو اس نے خود کو اڑا لیا۔ حملے کے بعد کراچی ائیر پورٹ کو سیل کرکے فلائٹ آپریشن مکمل طور پر بند کردیا گیا تھا۔
اس دوران کراچی آنے والی پروازوں کو دیگر ائیرپورٹس پر بھجوا دیا گیا۔سیکیورٹی فورسز نے ایئرپورٹ لاؤنج کو گھیرے میں لے کر مسافروں کو محفوظ مقام پر منتقل کردیا، جیو نیوز نے ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے حساس مناظر اور آپریشن کی تفصیل کو براہ راست نشرنہیں کیا۔