کراچی (جیوڈیسک) جدید ہتھیاروں سے لیس دہشت گردوں نے ایئرپورٹ پر ایک بار پھر حملہ کر دیا جب کہ اے ایس ایف اہلکاروں کی جانب سے حملہ آوروں کو بھرپور جوابی کارروائی جاری ہے۔
جدید ہتھیاروں سے لیس ملزمان نے کراچی ایئرپورٹ سے متصل اے ایس ایف کے کیمپ نمبر 2 پر دھاوا بول دیا جب کہ اے ایف ایس، رینجرز اور پولیس اہلکاروں کی جانب سے جوابی کارروائی جاری ہے۔ اے ایس ذرائع کا کہنا ہے گاڑی میں 5 حملہ آوروں نے پہلوان گوٹھ اور کچے کے علاقے سے ایئرپورٹ پر حملہ آور ہونے کی کوشش کی تاہم سکیورٹی اہلکاروں کی جانب سے جوابی کارروائی جاری ہے۔ فائرنگ سے پورا علاقہ گونج اٹھا ہے اور علاقہ مکینوں میں خوف و ہراس پھیل گیا ہے۔
ایئرپورٹ حکام کا کہنا ہے کہ حملے کے بعد فلائٹ آپریشن معطل کر دیا گیا ہے اور کراچی آنے والی تمام فلائٹس کو دوسرے شہروں کی جانب منتقل کرنے کے احکامات جاری کر دیئے گئے ہیں۔ دوسری جانب سیکیورٹی حکام کا کہنا ہے جوابی کارروائی میں دہشت گردوں کا حملہ پسپا کر دیا گیا ہے جب کہ حملہ آور گلستان جوہر کی جانب فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ حملہ آور جس مقام پر چھپے ہوئے ہیں اس کا محاصرہ کر کے ملزمان کی تلاش کے لئے کارروائی کی جا رہی ہے۔
واضح رہے کہ اتوار اور پیر کی درمیانی شب بھی جدید ہتھیاروں سے لیس 10 دہشت گردوں نے کراچی ایئرپورٹ کے اولڈ ٹرمینل پر حملہ کیا تھا جس کے نتیجے میں اے ایس ایف، رینجرز اور پولیس اہلکاروں سمیت 26 افراد جاں بحق جب کہ 10 حملہ آور مارے گئے تھے۔