کراچی (جیوڈیسک) منظم، تجربہ کار اور بیرونی ساخت اسلحے سے لیس دہشت گردوں نے رات گئے کراچی ائر پورٹ پر حملہ کیا۔ دہشت گرد ہائی روف پر سوار ہو کر اولڈ ٹرمینل پر پہنچے۔ دہشت گردوں نے پہلا حملہ گیارہ بج کر بیس منٹ پر کسٹم کلیئرنگ گیٹ پر کیا۔
سیکورٹی فورسز نے جوابی کارروائی کی تو دہشت گردوں نے پسپائی اختیار کرتے ہوئے دوسرا حملہ اصفہانی گیٹ پر کر دیا اور دستی بم پھینکتے اور فائرنگ کرتے ہوئے گاڑی سمیت رن وے میں داخل ہو گئے۔ دہشت گردوں نے رن وے پر فائرنگ کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری رکھا۔
دھماکوں سے آگ بھڑک اٹھی اور ائر پورٹ سے دھوئیں کے گہرے بادل اٹھتے رہے۔ فائرنگ سے ائر پورٹ کا علاقہ گولیوں کی تڑتڑاہٹ سے گونجتا رہا۔ پاک فوج اور رینجرز کے کمانڈوز نے آپریشن کرکے دس دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔ دہشت گردوں نے بھاری بیگ لٹکا رکھے تھے۔
زیادہ تر دہشت گردوں نے کالے کپڑے اور جوگرز پہن رکھے تھے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق دہشت گرد خود کش جیکٹس، آر پی جی راکٹوں اور بھاری اسلحے سے لیس تھے۔ دہشت گردوں کو دو علاقوں میں محصور کر کے ہلاک کیا گیا جن کی لاشیں جناح ہسپتال منتقل کر دی گئی ہیں۔
حملہ آوروں کے قبضے سے ایک راکٹ لانچر، دستی بم، پٹرول بم، ڈیٹونیٹر، ایس ایم جیز، میگزین کے پٹے، بھاری بیگ اور 9 آوان گولے بھی ملے۔ دہشت گردوں کے پاس کھانے پینے کے سامان میں، کھجوریں، چنے اور سوکھی روٹیاں بھی موجود تھیں جو رن وے کے اطراف موجود شیڈز کے نیچے پناہ گاہ بنائے بیٹھے تھے۔
دو سے تین دہشت گردوں نے ہاتھوں میں کڑے بھی پہن رکھے تھے۔ حملہ آوروں کے زیر استعمال اسلحہ کے فنگر پرنٹس لئے جائیں گے۔ میجر جنرل عاصم باجوہ کا کہنا ہے کہ ائر پورٹ کو کلیئر کرا لیا گیا ہے۔ کسی طیارے کو نقصان نہیں پہنچا۔ دوپہر تک فلائٹ آپریشن بحال ہو جائے گا۔