کراچی ائرپورٹ سانحہ کولڈ اسٹوریج ،لواحقین کو فی الفور معاوضہ دیا جائے:ارتضیٰ فاروقی
Posted on June 15, 2014 By Geo1 Webmaster سٹی نیوز
کراچی (خصوصی رپورٹ) متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین کی خصوصی ہدایت پر حق پرست رکن صوبائی اسمبلی ارتضیٰ فاروقی نے کراچی پریس کلب کے باہر کراچی ائرپورٹ کے کولڈ اسٹوریج سانحہ میں شہید ہونے والے افراد کے لواحقین کے احتجاج میں شرکت اورایم کیو ایم کی جانب سے لواحقین کے ساتھ دلی ہمدردی کا اظہار کیا حق پرست رکن صوبائی اسمبلی ارتضیٰ فاروقی نے لواحقین سے ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ ایم کیو ایم آپ کے غم میں برابر کی شریک ہے اور اس افسوس ناک سانحہ کے دن سے آج تک متاثرین کے لئے آواز بلند کررہی ہے۔
انہوں نے مزید کہاکہ انتظامیہ کی نااہلی کے سبب انسانیت سوز واقعات رونما ہوتے ہیں لہذا یہ حکومت و انتظامیہ کی ذمہ داری بنتی ہے کہ وہ آئندہ اس قسم کے افسوس ناک سانحات کی روک تھام کے لئے موثر اقدامات کرے اور اس حوالے سے موثر قوانین ترتیب دے اور ان قوانین پر عمل درآمد کو یقینی بنا ئے تاکہ آئندہ ایسے واقعات کو روکا جاسکے حق پرست رکن صوبائی اسمبلی نے متاثرہ خاندان سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے وفاقی حکومت ،ڈی جی سول ایوی ایشن اور متعلقہ کارگو کمپنی کے ذمہ دران سے مطالبہ کیا کہ وہ سانحہ کولڈ اسٹوریج میں شہید ہونے والے تمام افراد کے لواحقین کو فی الفور دادرسی کرکے ان کو معقول معاوضہ ادا کریں اور اس انسانیت سوز واقعے کے ذمہ داروں کا تعین کرکے قانون کے کٹہرے میں لاکر لواحقین کو کے غم کو کم کرنے میں اپنا کردار ادا کریں۔