کراچی : کچی شراب سے ہلاکتیں، لواحقین بغیر رپورٹ کے روانہ

Karachi

Karachi

کراچی (جیوڈیسک) کراچی میں زہریلی شراب پینے سے ہلاک افراد کے لواحقین میڈیکولیگل رپورٹ لیے بغیر ہی اسپتال سے روانہ ہو گئے۔ ڈاکٹر سیمی جمالی کہتی ہیں شراب پینے سے آٹھ افراد کے گردے ناکارہ ہو چکے ہیں۔ زہریلی شراب نے درجنوں گھر اجاڑ دیئے۔

عیدالاضحیٰ کے دوسرے روز زہریلی شراب پینے سے کئی افراد کی حالت غیر ہو گئی۔ جنہیں جناح اسپتال منتقل کیا گیا۔ جن میں سے تین افراد دم توڑ گئے پھر ایک کے بعد ایک دو درجن سے زائد افراد موت کی آغوش میں چلے گئے۔

جناح اسپتال ایمرجنسی کی انچارج ڈاکٹر سیمی جمالی کا کہنا ہے کہ شراب پینے سے مزید آٹھ افراد کے گردے ناکارہ ہوگئے جنہیں ڈائلیسس پر رکھا گیا ہے۔

ڈاکٹر سیمی جمالی نے بتایا کہ ہلاک افراد کے لواحقین میڈوکولیگل رپورٹ لئے بغیر ہی اسپتال سے چلے گئے۔ کچی شراب سے متاثر اب بھی دو درجن سے زائد افراد اسپتال میں زندگی اور موت کی دہلیز پر ہیں۔ متاثرہ افراد کا تعلق کورنگی، اخترکالونی، لانڈھی، زمان ٹاوٴن سمیت مختلف علاقوں سے ہے۔