کراچی (جیوڈیسک) حکومت سندھ کا کراچی سے جاری تمام اسلحہ لائسنس کی کمپیوٹرائزڈ تصدیق کا فیصلہ، نئی پالیسی کے تحت ایک شہری 4 سے زائد اسلحہ لائسنس حاصل نہیں کرسکے گا۔ حکومت سندھ نے کراچی میں جاری کئے گئے تمام اسلحہ لائسنس کی کمپیوٹرائزڈ تصدیق کا فیصلہ کر لیا ہے۔ ایڈیشنل سیکریٹری داخلہ اکرم ملک خواجہ نے چیف جسٹس سندھ ہائیکورٹ جسٹس مشیر عالم کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ صوبائی حکومت نے غیر قانونی اسلحہ کی روک تھام کیلئے پالیسی تیار کر لی ہے۔
نئی پالیسی کے تحت لائسنس یافتہ اسلحہ رکھنے والوں کو مقررہ مدت میں اپنے لائسنس کی تصدیق کرانا ہوگی۔ بصورت دیگر اسلحہ لائسنس منسوخ کر دئیے جائیں گے۔ مذکورہ پالیسی کے تحت ایک شہری 4 سے زائد اسلحہ لائسنس حاصل نہیں کر سکے گا۔
ذرائع کے مطابق کمپیوٹرائزڈ تصدیق سے دہشتگردی کی واردات میں استعمال ہونے والے اسلحے کو پکڑنے میں مدد ملے گی۔ ایڈیشنل سیکرٹری داخلہ کا مزید کہنا تھا کہ حب سپر ہائی وے اور نیشنل ہائی وے سمیت کراچی کے تمام داخلی راستوں پر بائیو میٹرک سسٹم نصب کیا جائے گا جس کے تحت شہر میں داخل ہونے والے ہر مسافر کے انگوٹھے کے نشان کی تصدیق ہوسکے گی۔