کراچی (جیوڈیسک) امریکی قونصل خانے کے دو افسران نے ایدھی سینٹر میں عبدالستار ایدھی سے ملاقات کرکے ان کی خیریت دریافت کی اور ان کی خدمات کو سراہا۔ کراچی میں امریکی قونصل خانے میں تعینات ہونے والے دو افسران پیٹرک اور کرسٹوفر نے ایدھی سینٹر میٹھادر کا دورہ کیا۔
انہوں نے عبدالستار ایدھی سے ملاقات کی اور ان کی سماجی خدمات کو سراہا۔ اس موقع پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے فیصل ایدھی کا کہنا تھا کہ جب امریکی قونصل خانے میں نئے افسران آتے ہیں تو وہ ایدھی سینٹر ضرور آتے ہیں عبدالستار ایدھی سے ملاقات کر کے انہیں خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ امریکا میں مقیم پاکستانی اپنی لڑکیوں کے جوان ہونے پر پاکستان لاتے ہیں اور یہاں ان کی جبری شادی کراتے ہیں اس مسئلہ پر بھی امریکی سفارتکار مداخلت کرتے ہیں۔ ایدھی سینٹر ایسی لڑکیوں کو پناہ دیتا ہے تاکہ ایسی لڑکیوں کو امریکا واپس بھیجا جا سکے۔