کراچی (جیوڈیسک) انسداد دہشت گردی عدالت کراچی نے قتل کے مجرم میں سزائے موت پانیوالے شفقت حسین کے ایک مرتبہ پھر ڈیتھ وارنٹ جاری کر دئیے، سات برس کے عمیر کے قتل کے الزام میں سزائے موت پانے والے شفقت حسین کے ایک مرتبہ پھر ڈیتھ وارنٹ جاری کر دئیے گئے ہیں۔
انسداد دہشتگردی کی عدالت نے حکم دیا ہے کہ مجرم شفقت حسین کو 6 مئی کی صبح ساڑھے پانچ بجے پھانسی پر لٹکا دیا جائے۔ انسداد دہشتگردی کی عدالت نے مجرم کو سزائے موت سنائی تھی تاہم ایک این جی او نے دعویٰ کیا تھا کہ جرم کے وقت شفقت حسین کی عمر تیرہ سے چودہ برس تھی جس پر حکومت نے مجرم کی سزائے موت پر عملدرآمد موخر کر دیا۔
ایف آئی اے کو مجرم کی عمر کا تعین کرنے کے لیے انکوائری کی ہدایت بھی کی گئی۔ اس دوران دنیا نیوز نے اپنی تحقیق کے بعد خبر نشر کی کہ واردات کے وقت شفقت کی داڑھی بھی موجود تھی اور اس کی عمر 23 برس تھی۔ ایف آئی اے اور دیگر اداروں نے بھی شفقت حسین کی عمر 2004 میں 23 برس رپورٹ کی ہے۔