کراچی کے علاقے ملیر میں میاں بیوی کا لرزہ خیز قتل

Karachi

Karachi

کراچی (جیوڈیسک) ملیر میں میاں بیوی کو قتل کردیا گیا، ریسکیو اہلکاروں نے لاشوں کو ڈیپ فریزر سے برآمد کیا باغ ملیر کے علاقے بلاک بی کا مکان نمبر ایل 33 جمعے کی شب ایسی لرزہ خیز واردات کا مسکن بنا کہ کوئی سنے تو دل دہل جائے۔

سید بدر حسین اور اس کی اہلیہ رضیہ بیگم کا خوفناک قتل اور اس سے بھی زیادہ خطرناک لاشوں کو چھپایا جانا تھا۔ سید بدر حسین کے کرائے داروں نے مقتول کے بھائی کو اطلاع دی کہ ان کے گھر کے دروازے کھلے ہیں اور کوئی آواز دینے کے باوجود بند نہیں کر رہا۔ جس پر بدر حسین کے بھائی ناظم آباد سے باغ ملیر پہنچے اور پھر پولیس کو اطلاع دی۔

بکھرا ہوا گھر، پلیٹس میں نکلا ہوا کھانا، موبائل فونز کی موجودگی اور ڈیپ فریزر کے باہر پڑا خون بہت خوفناک صورتحال بیان کر رہا تھا۔ پولیس نے ڈیپ فریزر کھولا تو اس میں بدر حسین اور ان کی اہلیہ رضیہ بیگم کی لاشیں جمی ہوئی پڑی تھیں۔ جس پر ریسکیو اہلکاروں کو طلب کیا گیا۔

جنھوں نے ڈیپ فریزر بند کرنے کے بعد پانی ڈال کر دونوں لاشوں کو نکال کراسپتال منتقل کیا۔ پولیس نے مکان کو تالا لگا کر سیل کردیا ہے، رابطہ کرنے پر ایس پی شاہ فیصل سید علی آصف نے بتایا کہ میاں بیوی کا قتل ایک معمہ ہے۔

اور یہ کسی ایک ملزم کا کام نہیں ہوسکتا۔ نہ ہی ملزمان دونوں میاں بیوی کے لیے اجنبی تھے ، انہوں نے بتایا کہ فارنزک شواہد جمع کرنے سمیت تمام پہلوؤں سے تفتیش کی جارہی ہے اور فوری طور پر اس قتل کے بارے میں کوئی رائے قائم نہیں کی جاسکتی۔