کراچی (جیوڈیسک) کراچی کے مختلف علاقوں میں پولیس نے کارروائی کرکے ایک پولیس اہلکار سمیت 4 ملزمان کو گرفتار کرلیا۔ عزیز آباد میں ہنگامہ آرائی کرنے والے ایم کیو ایم لندن کے 7 کارکنان کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔
کراچی کے علاقے فشریز سے پولیس نے تاجر کو اغواء کرنے والے 2 ملزمان کو گرفتار کرلیا، پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان میں رضویہ تھانے کا انویسٹی گیشن افسر سنبل بھی شامل ہے۔
دوسری جانب لیاری کے علاقے بغدادی میں پولیس نے کاروائی کرکے دو مبینہ ڈاکوں کوگرفتار کرلیا۔ پولیس کے مطابق ملزم فرحان اور فہیم کا تعلق گینگ وار سے ہے جن کے قبضے سے اسلحہ اور لوٹی ہوئی رقم بھی برآمد کی گئی ہے۔
ادھر عزیز آباد لیاقت علی خان چوک پر ہنگامہ آرائی کرنے والے ایم کیو ایم لندن کے گرفتار 7 کارکنان کے خلاف پولیس نے مقدمہ درج کرلیا ہے۔ مقدمہ عزیز آباد تھانے میں درج کیا گیا ہےجس میں ہنگامہ آرائی اور نقص امن کی دفعات کو شامل کیا گیا ہے۔