کراچی (اصل میڈیا ڈیسک) ہائی ٹینشن لائن ٹرپ کرنے سے شہر کا بڑا حصہ بجلی سے محروم ہو گیا تاہم ترجمان کے الیکٹرک کا کہنا ہےکہ شہر کے متاثرہ حصے کو بجلی کی سپلائی کی بحالی شروع کر دی ہے۔
ڈیفنس فیز ون، ملیر ماڈل کالونی، لیاری، کھارادر، نیا آباد، کھڈا مارکیٹ میں بھی بجلی معطل ہے۔
اس کے علاوہ گلستان جوہر، موسمیات اسکیم 33، لیاقت آباد سی ون ایریا، گلستان جوہر بلاک 14، 18 ، 19، سر سید ٹاؤن ، ڈی ایچ اے، نارتھ کراچی اور اطراف میں بجلی کی فراہمی معطل ہے۔
کراچی کے علاقوں شاہ فیصل، ہائی وے، ٹیچرز سوسائٹی، رفاہ عام، گلبرگ، نیو کراچی، کلفٹن بلاک 5، صدر، ایم اے جناح روڈ ، موبائل مارکیٹ،الیکٹرانک مارکیٹ اور ہائیکورٹ میں بھی بجلی تقریباً تین گھنٹوں سے معطل ہے۔
ترجمان کے الیکٹرک کا کہنا ہےکہ کراچی کو بجلی سپلائی کرنے والی لائن میں خرابی ہوئی اور نیشنل گرڈ اسٹیشن سے آنے والی ہائی ٹینشن لائن جامشورو سے ٹرپ کرگئی جس کی وجہ سے 45 گرڈ اسٹیشن بھی ٹرپ ہوچکے ہیں جس کے باعث سسٹم میں ایک ہزار میگاواٹ بجلی کی کمی ہوئی ہے۔
ترجمان نے بتایا کہ بحالی کا عمل شروع ہو چکا ہے اور ایک گھنٹے تک مکمل ہونے کا امکان ہے۔
ادھر ترجمان پاور ڈویژن کا کہنا ہے کہ کراچی کو بجلی سپلائی کرنے والی ٹرانسمیشن لائن بحال کردی، این کے بلدیہ اوربلدیہ 2 ٹرانسمیشن لائنز بحال کردی ہیں جب کہ بجلی کا لوڈ آہستہ آہستہ بڑھایا جا رہا ہے۔
علاوہ ازیں ترجمان کے الیکٹرک نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ٹیمیں بریک ڈاؤن پر کام کررہی ہے اور پیچھے سے بجلی کی سپلائی بحال ہونے کے بعد شہر کے متاثرہ علاقے کو بجلی کی بحالی شروع کردی ہے۔