کراچی (جیوڈیسک) شہر میں مون سون کی بارشوں کا آغاز ہوگیا جس کے بعد کراچی کے مختلف علاقوں میں تیز ہواؤں کے ساتھ موسلا دھار بارش ہوئی جس سے موسم خوشگوار ہوگیا جب کہ اس دوران کئی فیڈرز ٹرپ کرگئے اور متعدد علاقوں کو بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی۔
کراچی کے مختلف علاقوں میں تیز ہواؤں کے ساتھ موسلا دھار بارش نے شہر قائد کے موسم کو خوشگوار کردیا۔ شہر کے مختلف علاقوں گلشن اقبال ، ملیر اورنگی ٹاؤن، صدر، گارڈن ، کورنگی، قیوم آباد اور اطراف میں تیز ہواؤں کے ساتھ موسلادھار بارش ہوئی جس سے موسم خوشگوار ہوگیا۔
شہر میں بارش کے ساتھ ہی کئی علاقے اندھیرے میں ڈوب گئے، بارش کے دوران کے الیکٹرک کے 120 سے زائد فیڈرز ٹرپ کرگئے جس سے ایف بی ایریا، پی آئی بی کالونی، سولجر بازار، صدر، گلشن اقبال، لیاقت آباد، گارڈن، نیو کراچی، کورنگی، لانڈھی، شاہ فیصل، ملیر اور ملحقہ علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی۔
دوسری جانب محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ 24 جولائی سے کراچی میں مون سون بارشوں کا سلسلہ شروع ہوگا جب کہ بدھ کے روز شہر میں موسم ابر آلود رہے گا۔