کراچی: حق پرست رکن صوبائی اسمبلی نشاط محمد ضیاء قادری نے کہا کہ عوامی مسائل پر خاموش نہیں رہ سکتے علاقائی مسائل کے حوالے سے عوامی محرمیوں کا خاتمہ نہ کیا گیا تو عوام کے ساتھ احتجاج پر مجبور ہوں گے، ادارے مصنوعی بحران کا خاتمہ کرکے پانی، سیوریج سمیت بلدیاتی مسائل کے حوالے سے عوام کو درپیش مسائل کو حل کرنے کے لئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کریں۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے پانی اور سیوریج کے حوالے سے عوامی شکایات کا نوٹس لیتے ہوئے شاہ فیصل کالونی اور اس سے ملحقہ آبادیوں کا اچانک تفصیلی دورہ کر کے عوامی شکایات کا جائزہ لیتے ہوئے کیا اس موقع پر انہوں نے شاہ فیصل کالونی، گرین ٹائون، گولڈن ٹائون سمیت ملحقہ آبادیوں میں پینے کے پانی اور سیوریج کے حوالے سے بڑھتے ہوئے عوامی مسائل پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے واٹر اینڈ سیوریج بورڈ اور بلدیاتی افسران کو ہدایت کی کہ وہ اپنے فرائض کی انجام دہی کو یقینی بنا ئیں علاقائی سطح پر عوامی مسائل کو حل کرنے کے لئے فوری اقدامات کریں۔
اس موقع پر شاہ فیصل کالونی کے مختلف علاقوں میں عوامی وفود سے گفتگو کرتے ہوئے حق پرست رکن صوبائی اسمبلی نشاط محمد ضیا قادری نے کہاکہ قائد تحریک محترم الطاف حسین کی ہدایت پر عمل کرتے ہوئے عوام کو مسائل سے نجات دلا نے کے لئے شب روز مصروف ہیں اور انشااللہ قائد تحریک کے ویژن پر عمل کرتے ہوئے عوام کو مسائل سے چھٹکارہ اور علاقائی ترقی کو یقینی بنا ئیں گے اس موقع پر عوام سے علاقائی مسائل کے حوالے سے شکایات سننے کے بعد موقع پر موجود واٹر اینڈ سیوریج بورڈ اور بلدیاتی افسران کو عوامی شکایات کے فوری ازالے کے احکامات دیئے۔