اورنگی ٹاؤن (جیوڈیسک) کراچی کے علاقے اورنگی ٹاؤن میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے دو پولیس اہلکار جاں بحق ہو گئے۔
ایس ایس پی ویسٹ شوکت کھٹیان نے واقعے کو ٹارگٹ کلنگ قرار دیتے ہوئے بتایا کہ ریزور پولیس کے 2 اہلکار ڈیوٹی پر جارہے تھے کہ موٹر سائیکل سوار ملزمان نے انہیں نشانہ بنایا۔
شوکت کٹھیان کا مزید کہنا ہے کہ شہید ہونے والے دونوں اہلکار کانسٹیبل اللہ دتہ اور احمد علی بالترتیب ضلع سانگڑھ اور لاڑکانہ کے رہائشی تھے۔
حکام کے مطابق پولیس اہلکاروں پر نائن ایم ایم پستول سے فائرنگ کی گئی اور جائے وقوعہ سے 4 خول ملے ہیں۔
پولیس کے مطابق دونوں اہلکاروں کے پاس اپنے بچاؤ کیلئے کوئی ہتھیار نہیں تھا اور وہ عام شہریوں کی طرح نشانہ بنے۔
دونوں اہلکاروں کو شدید زخمی حالت میں ایک پولیس موبائل میں عباسی شہید اسپتال منتقل کیا گیا جہاں ڈاکٹروں نے ان کی موت کی تصدیق کر دی۔
ایس ایچ او مومن آباد آصف منور کے مطابق سادہ کپڑوں میں ملبوس دونوں اہلکار ایک ہی موٹر سائیکل پر سوار تھے، عینی شاہدین کے مطابق نوری چوک پر اسپیڈ بریکر کی وجہ سے ان کی موٹر سائیکل آہستہ ہوئی تو موٹر سائیکل پر سوار دو ملزمان نے نائن ایم ایم پستول سے دونوں پولیس جوانوں پر فائرنگ کی۔
دوسری جانب کراچی پولیس چیف ڈاکٹر امیر شیخ نے ایس ایس پی ویسٹ سے واقعے کی رپورٹ طلب کر لی۔