کراچی (جیوڈیسک) بلدیہ ٹاؤن یوسف گوٹھ میں انٹر سٹی بس ٹرمینل پر پاک فضائیہ کا تربیتی طیارہ گر کر تباہ ہو گیا، حادثے کے نتیجے میں دو پائلٹوں سمیت 4 افراد موقع پر جاں بحق اور 8 زخمی ہو گئے۔ بس ٹرمینل پر کھڑی 2 بسیں آگ لگنے سے مکمل تباہ جبکہ تین کو جزوی نقصان پہنچا، فائر بریگیڈ کے عملے نے موقع پر پہنچ کر مزید گاڑیوں کو جلنے سے بچا لیا۔
سعیدآباد کے علاقے بلدیہ ٹاؤن یوسف گوٹھ میں قائم انٹر سٹی بس ٹرمینل کی گراؤنڈ میں منگل کی دوپہر 12 بجکر 13 منٹ پر پاک فضائیہ کا تربیتی طیارہ پرواز کے دوران قلا بازیاں کھاتا ہوا گر گیا جس سے وہاں کھڑی بسوں میں آگ بھڑک اٹھی۔ واقع کی اطلاع ملتے ہی امدادی ٹیمیں اور پولیس و رینجرز کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی جبکہ پاک فضائیہ کے ہیلی کاپٹر نے بھی فضائی نگرانی شروع کر دی۔ فوجی کمانڈوز نے جائے وقوعہ کو چاروں اطراف سے گھیرے میں لے لیا، فائر بریگیڈ کی تین گاڑیوں نے جہاز کے ملبے اور گراؤنڈ میں کھڑی بسوں میں لگی آگ پر قابو پایا۔
واقعہ میں جاں بحق ہونے والے دو شہریوں کی لاشیں بھی جلی ہوئی تھیں جن کی شناخت 35 سالہ علی اکبر ولد رحیم داد اور 36 سالہ ساجد ولد ریاست کے ناموں سے کر لی گئی۔ پولیس نے ضروری کارروائی کے بعد دونوں لاشوں کو ورثا کے حوالے کر دیا۔ پاک فضائیہ کاعملہ جہاز کا ملبہ بھی اپنے ہمراہ لے گیا۔ حادثے میں زخمی ہونے والے افراد کو مختلف ہسپتالوں میں منتقل کر دیا گیا۔
ابتدائی طور پر حادثے کی وجوہات معلوم نہیں ہو سکیں تاہم پاک فضائیہ کے ماہرین نے تحقیقات کا آغاز کر دیا۔ عینی شاہدین کے مطابق طیارے میں آگ لگی ہوئی تھی۔ صدر ممنون حسین، وزیر اعظم نواز شریف، تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان، امیر جماعت اسلامی سراج الحق سمیت ملکی قیادت نے حادثے پر افسوس کااظہار کیا۔ وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے حادثے میں پائلٹس سمیت قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہارکیا ہے۔ وزیراعلیٰ نے زخمی افراد کی جلد صحت یابی کے لئے دعا بھی کی۔