کراچی (جیوڈیسک) کراچی کے علاقے عائشہ منزل پر گزشتہ روز ٹریفک پولیس کے 2 اہلکاروں کے قتل کا مقدمہ درج کر لیا گیا۔ مقدمے میں قتل اور انسداد دہشتگردی کی دفعات شامل کی گئی ہیں، ٹریفک پولیس اہلکاروں کے تحفظ کیلئے آر آر ایف کمانڈوز تعینات کرنے کا فیصلہ کر لیا۔
گزشتہ روز عائشہ منزل پر فائرنگ سے جاں بحق ہونے والے ٹریفک پولیس کے دو اہلکاروں اکرم اور شکیل کے قتل کا مقدمہ الزام نمبر 174/16 سیکشن آفیسر ساجد شیخ کی مدعیت میں سی ٹی ڈی گارڈن تھانے میں درج کر لیا گیا۔
مقدمہ نامعلوم ملزمان کے خلاف درج کیا گیا ہے ، مقدمے میں قتل اور دہشت گردی کی دفعات بھی شامل کی گئی ہیں ۔ دوسری جانب ٹریفک پولیس اہلکاروں کی ٹارگٹ کلنگ کے بعد اعلیٰ حکام نے ٹریفک پولیس اہلکاروں کے تحفظ کی حکمت عملی تیار کرلی ہے۔
ذرائع کے مطابق شہر کے حساس علاقوں ضلع غربی، ضلع وسطی میں ٹریفک پولیس اہلکاروں کے تحفظ کیلئے آر آر ایف کمانڈوز تعینات کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ آر آر ایف کمانڈوز کی 4 پلاٹونز شہر بھر میں تعینات کی جائیں گی۔