کراچی (جیوڈیسک) کراچی کے بینک میں جھانسا دے کر لوگوں کو لوٹنے والا پکڑا گیا، ملزم کو عزیز آباد تھانے میں بند کر دیا گیا۔ ملزم نے شاہ فیصل میں بھی خاتون سے 86 ہزار روپے ہتھیائے تھے۔
حسین آباد میں نجی بینک کے قریب کھڑی پولیس موبائل میں بیٹھے اہلکاروں نے ایک مشکوک شخص کو بینک سے نکلنے والے شخص سے پیسے لوٹ کر بھاگتے دیکھا تو اس کا پیچھا کرکے اسے گرفتار کر لیا۔ ملزم کی شناخت سید غلام علی کے نام سے ہوئی، ملزم بینک میں داخل ہو کر رقم نکلوانے والے شہریوں سے ملتا اور چند ہی سیکنڈ میں بات چیت کے دوران نظر بند کرکے رقم لوٹ کر رفو چکر ہوجاتا۔
گرفتاری کے وقت ملزم نے شہری سے ایک لاکھ 40 ہزار روپے لوٹے تھے، جوکہ ملزم کے ساتھی لے کر فرار ہو گئے۔ پولیس حکام کے مطابق گرفتار ملزم گلستان جوہر کا رہائشی ہے اور اس کا تعلق ایران سے ہے جبکہ ملزم ابھی تک قومی شناختی نہیں دے سکا۔
ملزم کی فوٹیج ٹی وی پر نشر ہونے کے بعد متاثرہ خاتون نے بھی تھانے سے رجوع کرلیا، خاتون کے مطابق ملزم اس سے بھی شاہ فیصل کالونی کے علاقے میں 86 ہزار روپے ہتھیا چکا ہے، ملزم کے خلاف دھوکہ دہی کی دفعہ کے تحت مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔