کراچی (جیوڈیسک) کراچی میں پولیس نے بینک ڈکیتی کی کوشش ناکام بنا دی اوربینک ڈکیتی کی وارداتوں میں ملوث گروہ کے سرغنہ کو تین ساتھیوں سمیت گرفتار کر لیا۔
پولیس حکام کے مطابق ملزمان سات سے زیادہ بینکوں سے کروڑوں روپے لوٹ چکے ہیں۔ ایس ایس پی ایس آئی یو فاروق اعوان نے پریس کانفرنس میں بتایا کہ سائٹ ایریا میں مقابلے کے بعد بینک ڈکیتی کی کوشش ناکام بنا کر بینک ڈکیتیوں میں ملوث ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا ۔
ملزمان سات سے زیادہ بینکوں سے کروڑوں روپے لوٹ چکے ہیں۔ ملزم راشد کشمیری گروہ کا سرغنہ ہے اور اس کے تین ساتھیوں کو بھی گرفتار کیا ہے۔
پولیس حکام نے بتایا کہ بینکوں میں لگے سی سی ٹی وی کیمروں کی ویڈیو کی مدد سے گرفتاری عمل میں آئی، ملزمان رکشے کے ذریعے بینکوں تک پہنچتے تھے اور پھر موٹر سائیکلوں پر فرار ہوجاتے تھے، ملزمان کے قبضے سے ایک ایم پی فائیو رائفل، ایک کلاشن کوف ، ایک پستول اور دو موٹر سائیکلیں برآمد ہوئی ہیں۔