کراچی (جیوڈیسک) رینجرز اور پولیس نے مختلف علاقوں میں کارروائی کرتے ہوئے کالعدم تنظیم کے 5 کارندوں سمیت 40 سے زائد ملزمان کو گرفتار کر کے ہتھیار اور دیگر سامان برآمد کر لیا جب کہ مقابلےمیں ایک ملزم مارا گیا۔
لیاری کے علاقے میں پولیس کا گینگ وار کے ملزمان سے مقابلے کے دوران ایک ملزم ہلاک ہو گیا جس کی شناخت جلیل عرف بلٹ کے نام سے ہوئی، ملزم پولیس کو بھتہ خوری، اغوا برائے تاوان سمیت کئی مقدمات میں مطلوب تھا۔ دوسری جانب رینجرز نے ناردرن بائی پاس کے قریب چھاپہ مار کر 5 جرائم پیشہ افراد کو گرفتار کر کے مختلف اقسام کے 8 ہتھیار برآمد کر لیے، ملزمان کا تعلق کالعدم تنظیم سے ہے۔
ادھر پولیس نے نشتر روڈ، گارڈن، دھوبی گھاٹ، میوہ شاہ، نیو کراچی، بھینس کالونی اور دیگر علاقوں میں چھاپے مار کر سنگین وارداتوں میں ملوث 35 ملزمان کو گرفتار کر کے 40 سے زائد ہتھیار برآمد کر لیے۔ گرفتار ملزمان میں 4 کا تعلق ایک سیاسی جماعت سے ہے۔