کراچی : کالعدم تحریک طالبان کے 2 مبینہ دہشت گرد گرفتار، اسلحہ برآمد

Arms exports

Arms exports

کراچی (جیوڈیسک) میں سی آئی ڈی پولیس نے کالعدم تحریک طالبان کے دو مبینہ دہشت گردوں کو گرفتار کر کے شہر کو بڑی تباہی سے بچا لیا۔ منگھو پیر سے گرفتار ملزموں کے قبضے سے دو سو کلو گرام دھماکا خیز مواد اور اسلحہ برآمد کر لیا۔ کراچی پریس کانفرنس کرتے ہوئے ڈی آئی جی سی آئی ڈی ڈاکٹر کامران فضل نے کہا کہ سی آئی ڈی پولیس نے خفیہ اطلاع پر منگھو پیر میں چھاپہ مارا۔ کارروائی کے دوران کالعدم تحریک طالبان کے حکیم اللہ محسود گروپ سے تعلق رکھنے والے دو مبینہ دہشت گردوں نضراب خان اور غلام اسحاق کو گرفتار کر لیا گیا۔

ملزموں کے قبضے سے دو سو کلو گرام دھماکا خیز مواد دو کلاشنکوف، ڈیٹونیٹنگ وائر، ڈیٹونیٹر، نٹ بولٹ اور گولیاں برآمد کر لی گئیں۔ کامران فضل کے مطابق ملزم انتخابی مہم کے دوران پیپلز چورنگی، قبضہ کالونی اور عزیز آباد میں ایم کیو ایم کے انتخابی دفاتر پر ہونے والے دھماکوں میں بھی ملوث تھے۔

ملزموں کا ایک ساتھی کچلاک سے ہزار کلو گرام دھماکا خیز مواد کراچی لایا تھا۔ ملزمان سے شہر بھر میں دھماکوں، ٹارگٹ کلنگ، بھتہ خوری اور دیگر وارداتوں کے متعلق تفتیش کی جا رہی ہے۔