کراچی (جیوڈیسک) کراچی میں کالعدم تنظیم تحریک طالبان کے دو دھڑے بھتے کے تنازع اور علاقے پر کنٹرول کے لئے آپس میں الجھ پڑے۔کراچی میں علاقے پر کنٹرول کے لئے کالعدم تحریک طالبان کے دو دھڑوں میں لڑائی شروع ہو گئی۔ کراچی میں کالعدم تنظیم کی نمائندگی قاری یار محمد کر رہا ہے۔
جبکہ ولی الرحمان گروہ کی قیادت خان زمان محسود کے پاس ہے۔ منگھو پیر، سہراب گوٹھ اور گلشن بونیر کا کنٹرول ولی الرحمان گروہ حاصل کر چکا ہے۔ تینوں علاقوں میں شہر کی بڑی صنعتیں، فیکٹریاں اور ٹرک اڈے ہیں۔ ولی الرحمان گروہ نے تینوں علاقوں میں مہمند اور محسود قبائل کے تنازعات کے حل کے لئے جرگے بھی شروع کر دیے ہیں۔
جرگوں کا فیصلہ ولی الرحمان گروہ کا کارندہ حاجی یعقوب کرتا ہے۔ ولی الرحمان گروہ جرگوں سے حاصل رقم خیبر پختونخوا منتقل کر رہاہے۔ حساس اداروں نے دونوں گروہوں میں اختلافات کے بعد کراچی کے مضافاتی علاقوں کی نگرانی سخت کر دی ہے۔ دوسری جانب تین روز قبل منگھو پیر کے علاقے میں ہلاک ہونے والا اسماعیل محسود کالعدم تنظیم کا دہشت گرد نکلا۔ اسے شیر خان محسود کی جگہ کمانڈر تعینات کیا گیا تھا۔