کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان اسپورٹس ویلفیئر ایسوسی ایشن اور کراچی باسکٹ بال ایسوسی ایشن کے سندھ اسپورٹس بورڈ کپ رمضان المبارک باسکٹ بال ٹورنامنٹ کا فائنل آرام باغ باسکٹ بال کورٹ برنس روڈ پر کھیلا گیا جس میں کمشنر کراچی ٹورنامنٹ چمپئن بائونس کلب نے گلشن ہاکس باسکٹ بال کلب کو 48-29پوائنٹس سے شکست دیکر ٹورنامنٹ کا ٹائٹل اپنے نام کرلیا ۔کھیل کے پہلے ہاف تک اسکور 31-10تھا ۔دوران کھیل بائونس کلب کی جانب سے ضیاء احمد نے 16،حسن خان نے 11اور ڈاکٹر آصف نواز نے 7پوائنٹس اسکور کئے جبکہ گلشن ہاکس باسکٹ بال کلب کی جانب سے سیف اللہ نے 17ماہد بن طارق نے 10،اسد علی نے 4پوائنٹس اسکور کئے ۔فائنل میں شاندار کارکردگی پر بائونس کلب کے ضیاء احمد کو چیئر مین مین آف دی میچ ایوارڈ کمیٹی بلدیہ کورنگی کے ڈپٹی ڈائریکٹر انفارمیشن محمد ارشد نے مین آف دی میچ کا حقدار قرار دیا ۔فائنل میچ میں ریفریز کے فرائض غلام رسول ،ممتاز احمد نزاکت خان نے انجام دیئے جبکہ ٹیکنیکل آفیشلز ظفر اقبال اور جاوید احمد تھے فائنل میچ کے اختتام پر تقسیم انعامات کی شایان شان تقریب کا اہتمام کیا گیا جس کے مہمان خصوصی کراچی واٹر اینڈ سیوریج بورڈ کے ڈپٹی منیجنگ ڈائریکٹر محمد اسلم خان تھے۔
جنہوں نے فاتح ٹیم بائونس کلب ،رنر اپ ٹیم گلشن ہاکس باسکٹ بال کلب اور تیسری پوزیشن حاصل کرنے والی نشتر کلب کو ٹرافیاں اور نقد انعامات دیئے جبکہ گلشن ہاکس کلب کے سیف اللہ کو مین دی ٹورنامنٹ اور ٹورنامنٹ کے تمام میچز میں مین آف دی میچ کا ایوارڈ حاصل کرنے والے کھلاڑیوں کو نقد انعامات سے نوازا گیا ۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے مہمان خصوصی محمد اسلم خان نے کہاکہ کراچی واٹر اینڈ سیوریج بورڈ شہر میں صحت مند سرگرمیوں کے فروغ کے حوالے سے اپنا کردار ادا کرتی رہی ہے ،کررہی اور ہمیشہ کرتی رہے گی انہوں نے اعلان کیا کہ کراچی باسکٹ بال ایسوسی ایشن جب چاہے کراچی واٹر اینڈ سیوریج بورڈ کے تعاون سے باسکٹ بال ٹورنامنٹ منعقد کرسکتی ہے اس موقع پر ڈپٹی منیجنگ ڈائریکٹر کراچی واٹر اینڈ سیوریج بورڈ محمد اسلم خان نے سیکریٹری اسپورٹس سندھ محمد راشد کا باسکٹ بال ٹورنامنٹ اسپانسر کرنے اور سندھ میں کھیل کے فروغ اور سرپرستی پر اظہار تشکر ادا کیا تقریب کی صدارت سندھ اولمپکس ایسوسی ایشن کے سیکریٹری احمد علی راجپوت نے کی جبکہ تقریب سے سندھ باسکٹ بال ایسوسی ایشن کے سیکریٹری عبدالناصر ،کراچی باسکٹ بال ایسوسی ایشن کے صدر حاجی غلام محمد خان ،سیکریٹری طارق حسین اور کے ڈی اے آفیسرز کلب کے اسپورٹس سیکریٹری محمد نسیم نے بھی خطاب کیا جبکہ تقریب میں سندھ اولمپکس ایسوسی ایشن کے نائب صدر انجینئر محفوظ الحق ،کراچی باسکٹ بال ایسوسی ایشن کے چیئر مین امجد علی خان ،سلیکشن کمیٹی کے چیئر مین محمد یعقوب ،خازن رضا آغا،UBLکے ذوالفقار عباس خان ،کراچی کرکٹ ایسویس ایشن کے محمد جاوید ،پاکستان اسپورٹس ویلفیئر ایسوسی ایشن کے خان عبدالرزاق کے علاوہ اس موقع پر شعبہ کھیل ،صحافت سمیت مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والی شخصیات کی کثیر تعداد بھی موجود تھیں۔