کراچی (جیوڈیسک) سمندر میں نہانے پر پابندی کے باوجود عوام کا ٹھاٹھے مارتا سمندر کراچی کے ساحل پردن بھر موجود رہا اور لوگ خوف کے باوجود پانی کی اونچی اونچی لہروں سے لطف اندوز ہوتے رہے۔
کراچی کا ساحل ہمیشہ لوگوں کے لئے تفریح کا باعث رہا ہے لیکن حالیہ عید الفطر پر پانی کی بے رحم لہروں نے کئی زندگیاں نگل لیں، سمندر میں نہانے پر پابندی عائد کی گئی اور قانون نافذ کرنے والوں کو متحرک کرنے کے دعوے بھی لیکن عید کی چھٹیاں کیا ملیں بے قرار عوام سمندر پر پہنچ گئے، جہاں پانی میں جانے سے کوئی روکنے والا ملا اور نہ نہانے سے ٹوکنے والا۔ خوف کے باوجود بڑوں کے ساتھ بچے بھی موجوں میں موج مستی کرتے رہے۔
منچلے نوجوان سورج ڈھلنے تک پانی میں موجود رہے کسی نے سمندر میں جانے کا بہانہ گرمی کو بنایا تو کوئی یہ کہنے سے بھی باز نہ آیا کہ پابندی لگانے سے تفریح کایہ سستا ذریعہ بھی چھن گیا ہے سمندر میں نہانے والوں نے لاپروائی اختیار کی تو متعلقہ حکام بھی فرائض سےغافل نظر آئے، تاہم پانی کی بدمست لہریں سوال کرتی دکھائی دیں کہ کیااحتیاط پچھتاوے سے بہتر نہیں۔