کراچی(جیوڈیسک)کراچی میں گزشتہ شب مومن آباد میں ہونے والے بم دھماکے میں جاں بحق ہونے والے ڈاکٹر عزیز الدین شامزئی اور ان کے نواسے محسن شامزئی سمیت 8 افراد کی نماز جنازہ ادا کر دی گئی جبکہ عوامی نیشنل پارٹی کی طرف سے کراچی میں پرامن یوم سوگ منایا جا رہا ہے۔اورنگی ٹان کے علاقے مومن آباد میں گزشتہ شب عوامی نیشنل پارٹی کے انتخابی جلسے کے موقع پر بم دھماکے میں جاں بحق ہونے والے 8 افراد کی نماز جنازہ ادا کردی گئی۔
ڈاکٹر عزیز الدین شامزئی اور ان کے نواسے سمیت دیگر افراد کی نماز جنازہ عبدالرحمان شامزئی نے پڑھائی۔ شاہی مسجد مومن آباد میں ہونے والی نماز جنازہ میں جمعیت علمائے اسلام کراچی کے امیر قاری محمد عثمان سمیت بڑی تعداد میں لوگوں نے شرکت کی۔ ڈاکٹر عزیز الدین شامزئی کی میت سوات روانہ کردی گئی جبکہ دیگر کی تدفین شہر کے مختلف قبرستانوں میں کی گئی۔
ایک میت کی تدفین رات دو بجے کردی گئی ۔ اس موقع پرذرائع سے بات چیت کرتے ہوئے جمعیت علمائے اسلام کراچی کے امیر قاری محمد عثمان نے کہا کہ نگراں حکومت عوام کے جان و مال کے تحفظ میں ناکام ہوچکی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ بجٹ کا بڑا حصہ قانون نافذ کرنے والوں پر خرچ کیا جاتا ہے لیکن اقدامات نظر نہیں آتے۔