کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان پیپلز پارٹی بلاو ل بھٹو ورکرز آرگنائزیشن ضلع کورنگی کے صدر سید امجد علی شاہ نے کہاہے کہ پاکستان میں غریب عوام کے حقوق کی جد وجہد کرتے ہوئے قائد عوام شہید ذوالفقار علی بھٹو اور شہید رانی محترمہ بے نظیر بھٹونے جو قربانی دی ہے وہ پاکستانی عوام کے لئے ناقابل فراموش ہے۔
ان خیالات کا اظہار سید امجد علی شاہ نے پیپلز پارٹی بلا ول بھٹو ورکرز آرگنائزیشن ضلع کورنگی کے تحت شہید رانی محترمہ بے نظیر بھٹو کی برسی کے انتظامات کے حوالے سے منعقد اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا اجلاس میں ضلع کورنگی کے تحت برسی کے انتظامات کو حتمی شکل دیا گیا ضلعی صدر سید امجد علی شاہ نے کہاکہ شہید رانی محترمہ بے نظیر بھٹو کی برسی کے موقع پر ضلع کورنگی کی تمام سٹی ایریاز میں تقریبات منعقد ہونگی۔
برسی کے موقع پر شہید رانی محترمہ بے نظیر بھٹو کی ایصال ثواب کے لئے قرآن خوانی ،فاتحہ خوانی ،دعائیہ تقریب اور شہید رانی محترمہ بے نظیر بھٹو کی سیاسی زندگی پر خصوصی لیکچرز کا بھی اہتمام کیا جائیگا ۔بلاول بھٹو ورکرز آرگنائزیشن ضلع کورنگی کے صدر سید امجد علی شاہ نے کا رکنان کو ہدایت کی کہ وہ برسی کے موقع پر شایان شان تقریب کا اہتمام کریں اور اس میں عوامی شرکت کو زیادی سے زیادہ تعداد میں یقینی بنائیں۔
اجلاس میں شہید رانی محترمہ بے نظیر بھٹو کو خراج عقیدت پیش کیا گیا اور اُن کے ایصال ثواب کے لئے فاتحہ خوانی کی گئی۔