کراچی (اسٹاف رپورٹر) فردوس اتحاد کے زیر اہتمام محکمہ نوجوانان امور حکومت سندھ کے تعاون سے منعقدہ دوسرا محترمہ بے نظیر بھٹو شہید انٹر کالجیٹ گرلز تقریری مقابلہ گورنمنٹ کالج شاہراہ لیاقت کی صوبیہ امین نے جیت لیا ،جبکہ گورنمنٹ گرلز کالج کورنگی کی ابیہا زیدی نے دوسری اور عبداللہ گرلز کالج کی ماہم عبداللہ نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔
تقریری مقابلے میں شہر کراچی کے معروف 42 سرکاری و نجی گرلز کالجوں نے حصہ لیا ،اختتامی مقابلے کے لئے 13کالجوں کی طالبات نے کوالیفائی کیا ۔مقابلے کے اختتام پر تقسیم انعامات کی شایان شان تقریب میں مہمان خصوصی ڈائریکٹر اسپورٹس و نوجوانان امور حکومت سندھ شہزاد پرویز بھٹی نے تقریری مقابلے میں اول ،دوئم اور سوئم آنے والی طالبات کو ٹرافی اور مقابلے میں حصہ لینے والی طالبات میں انفرادی انعامات اور اعزازی سرٹیفکٹ تقسیم کئے۔
اس موقع پر فردوس اتحاد کی جانب سے سیکریٹری تعلیم ریاض احمد میمن اور سیکریٹری محکمہ نوجوانان امور حکومت سندھ کے سیکریٹری سلیم رضا کو حسن کار کردگی ایوارڈ سے نوازا گیا ۔تقریب کی صدارت ڈائریکٹر کالجز پروفیسر سکینہ سموں نے صدارت کے فرائض انجام دی ۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مہما ن خصوصی ڈائریکٹر اسپورٹس شہزاد پرویز بھٹی نے اعلان کیا کہ تقریری مقابلے کا انعقاد ہر سال کیا جائے گا اور محکمہ امور نوجوانان اس میں اپنا ہر ممکن تعاون یقینی بنائے گا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے گورنمنٹ گرلز کالج شاہراہ لیاقت کی پرنسپل پروفیسر صفیہ موسوی نے پاکستان کی پہلی خاتون وزیر اعظم محترمہ بے نظیر بھٹو کو تاریخ ساز شخصیت قرار دیتے ہوئے کہاکہ میں ملک کی طالبات سے درخواست کروں گی کہ وہ محترمہ بے نظیر بھٹو شہید کی عملی زندگی کو ریسرچ کریں اور جو کارنامہ انہوں نے اور اُن کے والد محترم قائد عوام شہید ذوالفقار علی بھٹو نے انجام دیئے اسے مشعل راہ بنا یا جائے۔
تقریب سے اپنے خطاب میں فردوس اتحاد کے سیکریٹری حاجی غلام محمد خان نے محکمہ امور نوجوانان حکومت سندھ کے سیکریٹری سلیم رضا کا خصوصی طور پر شکریہ ادا کیا کہ جنہوں نے انٹر کالجیٹ گرلز تقریری مقابلہ کے انعقاد پر فردوس اتحاد سوشل ویلفیئر آرگنائزیشن کی بھر پور مدد کی تقریب سے آرٹس کونسل آف پاکستان کے مرکزی کمیٹی کے رکن ڈاکٹر ایوب شیخ نے بھی خطاب کیا۔
دوسرا محترمہ بے نظیر بھٹو شہید انٹر کالجیٹ گرلز تقریری مقابلہ میں ججز کے فرائض پروفیسر جمیلہ قمر عالم ،پروفیسر ناہید رفیع ،پروفیسر سیدہ عزرا قمر ،پروفیسر سیدہ بنت اسد رضا اور پروفیسر نورجہاں خان نے انجام دیئے۔
تقریب کی نظامت پروفیسر روبینہ نارو اور رضوانہ سہیل نے انجام دی ،تقریب کے اختتام پر محترمہ بے نظیر بھٹو شہید کے ایصال ثواب اور مغفرت کے لئے خصوصی دعا کی گئی۔ جاری کردہ :۔ میڈیا کوارڈینٹر