کراچی (جیوڈیسک) بلاول ہاؤس کے باہر احتجاج کرنے والے اساتذہ پر پولیس نے لاٹھی چارج کردیا جس کے نتیجے میں متعدد مظاہرین زخمی ہو گئے۔
اپنے مطالبات کے حق میں احتجاج کرنےو الے اساتذہ بلاول ہاؤس کے سامنے دھرنا دینے پہنچے جب اساتذہ بلاول ہاؤس کے سامنے رکاوٹیں ہٹا کر دھرنا دے رہے تھے کہ اس دوران پولیس نے ان پر لاٹھی چارج شروع کر دیا جس کے نتیجے میں متعدد اساتذہ زخمی ہو گئے، پولیس کی جانب سے مظاہرین پر واٹر کینن کا استعمال کیا گیا جب کہ خواتین سمیت 2 درجن سے زائد اساتذہ کو حراست میں لے لیا گیا۔
واضح رہے کہ اساتذہ کی جانب سے گزشتہ دو ہفتے سے سی ویو پر دھرنا جاری تھا جبکہ آج اساتذہ اور وزیرتعلیم نثار کھوڑو کے درمیان مذاکرات بھی ہوئے جو ناکام ہوگئے جس کے بعد اساتذہ نے بلاول ہاؤس پر دھرنا دینے کا فیصلہ کیا۔