کراچی : کراچی چڑیا گھر میں موسم بہار کے پھولوں کے کھلنے سے بہار کی خوبصورتی نمایاں ہو گئی ہے چڑیا گھر کے مختلف حصوں اور خصوصاً مغل گارڈن میں درجنوں اقسام کے مختلف رنگوں کے پھولوںکے کھلنے اور مرکزی فوارہ میں رینبوکے بننے سے مغل گارڈن کی خوبصورتی میں بے حد اضافہ ہوگیاہے اور پورا گارڈن چڑیا گھر شہریوں اور خصوصاً بچوں کی توجہ کا مرکز بنا ہوا ہے۔
بدھ کو خواتین و بچوں کیلئے مخصوص دن کی وجہ سے مختلف اسکولوں کے 7 ہزار سے زائد بچوں نے چڑیا گھر کا دورہ کیا اور اسکولوں کی انتظامیہ نے کراچی چڑیا گھر کی انتظامیہ کی کاوشوں کی تعریف کی اور کارکردگی کو سراہا۔ بڑی بلیوں کو متحرک کرنے کیلئے خوراک کو پنجروں کے مختلف حصوں میں چھپایا جاتا ہے جہاں جانور خوراک کو تلاش کر کے نکالتے ہیں جبکہ بڑی بلیوں کو رسیوں کی مدد سے پنجرے کے اوپر کی سلاخوں سے آہستہ آہستہ گوشت گرایا جاتا ہے۔
شیر اس کی طرف لپکتا ہے تو گوشت کو دوبارہ اوپر کی جانب کھینچا جاتا ہے اس طرح بڑی بلی کا کرتب شہریوں کو دیکھنے اور شیر کو متحرک ہونے کا موقع بھی ملتا ہے زو انتظامیہ کا کہنا ہے کہ چڑیا گھر میں ان سرگرمیوں سے قید میں بند جانوروں کو قدرتی ماحول کے کرتب دیکھنا اور متحرک ہونے کا موقع بھی ملتا ہے بلکہ شہریوں کو بہترین تفریح بھی میسر آتی ہے ہمارا مقصد چڑیا گھر میں قید جانوروں اور یہاں آنے والے انسانوں دونوں کو خوش کرنا ہے۔