کراچی : دھماکے میں مرنے والوں کا تعلق کالعدم لشکر جھنگوی سے تھا، پولیس

Karachi

Karachi

کراچی (جیوڈیسک) پٹیل پاڑا میں واقع ایک عمارت میں دھماکے سے 3 مبینہ دہشت گرد ہلاک اور ایک زخمی ہوگیا،پولیس کے مطابق ملزمان کا تعلق کالعدم تنظیم لشکر جھنگوی سے ہے اور دھماکا جس عمارت میں ہوا وہ ایک ہفتے قبل ہی ملزمان نے کرائے پر حاصل کی تھی۔ پولیس کے مطابق کراچی کے علاقے پٹیل پاڑہ میں عمارت میں ہونے والے دھماکے کا مقدمہ جمشید کواٹر تھانے میں درج کر لیا گیا ہے۔

ایف آئی آر کے مطابق دھماکے میں مرنے والے تینوں افراد اور زخمی حالت میں گرفتار ہونے والا ملزم بم کی تیاری میں مصروف تھے۔ مقدمہ سرکار کی مدعیت میں درج کیا گیا ہے، بم دھماکے کے نتیجے میں 3 دہشت گرد ہلاک اور ایک کو زخمی حالت میں گرفتار کیا گیا ہے، پولیس حکام کا کہنا ہے کہ دھماکہ انسداددہشت گردی ایکٹ، ایکسپ لیویز ایکٹ، اقدام قتل اور قتل کی دفعات کے تحت درج کیا گیا ہے، دھماکے کا مقدمہ نمبر 2013/525 ہے۔

کراچی میں ہفتے کے روز ایک عمارت کی تیسری منزل پر دھماکا ہوا، عمارت میں موجود 2 افراد موقع پر ہی ہلاک اور 2 زخمی ہوئے، جنھیں سول اسپتال منتقل کر دیا گیا، جہاں مزید ایک زخمی متین الدین بھی ہلاک ہو گیا، 40 گز پر بنائی گئی عمارت کی تیسری منزل پر ہونے والا دھماکا جس کمرے میں ہوا وہاں فرش پر ایک سے ڈیڑھ فٹ چوڑا گڑھا پڑ گیا۔

پولیس حکام کے مطابق عمارت کو ایک ہفتہ قبل ہی 90 ہزار روپے ایڈوانس لیکر 18 ہزار روپے ماہانہ کرائے پردیا گیا تھا، عمارت کا مالک بیرون ملک مقیم ہے۔ اس کے پاکستان میں مقیم بھائی نے پراپرٹی ڈیلر علی زمان کے توسط سے فلیٹ کرائے پر دیا، پولیس نے دھماکے کے بعد منصور شاہ اور پراپرٹی ڈیلر علی زمان کو حراست میں لے لیا ہے۔