کراچی: انچولی میں 2 دھماکے، 8 افراد جاں بحق، 40 زخمی

Karachi Blast

Karachi Blast

کراچی (جیوڈیسک) کراچی کے علاقے انچولی میں دو دھماکوں میں 8 افراد جاں بحق اور 55 زخمی ہو گئے، وزیراعلیٰ سندھ نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے آئی جی سندھ سے رپورٹ طلب کر لی ہے۔

انچولی کےعلاقے میں پہلا دھماکہ بیکری شاپ کے سامنے ہوا جبکہ دوسرا دھماکہ پکوان شاپ کے قریب ہوا۔ دونوں دھماکے موٹرسائیکل میں نصب ریمورٹ کنٹرول ڈیوائس کے ذریعے کیے گئے۔ دھماکے اس قدر زروردار تھے کہ ان کی آواز دور تک سنائی دی۔ دھماکوں کے بعد علاقے میں خوف وہراس پھیل گیا۔

دھماکوں کے فوری بعد ریسکیو کی ٹیمیں جائے وقوع پر پہنچ گئیں جہاں سے ہلاک اور زخمی ہونے والوں کو عباسی شہید اسپتال اور سول اسپتال منتقل کیا گیا۔ سی آئی ڈی پولیس شواہد اکٹھے کرنے جائے وقوع پرپہنچ گئی۔ شاہراہ پاکستان پر ٹریفک کیلئے کے ایک ٹریک کومکمل طور پر بند کر دیا گیا۔ دھماکے سے ڈپٹی پراسیکیوٹر جنرل نیب سندھ کی گاڑی بھی تباہ ہوئی۔

ابتدائی اطلاعات کے مطابق جاں بحق افراد میں ممتازحسین، محمدعزیز، سالک جعفری اور ریاض الحق کی شناخت ہو گئی۔ سالک جعفری نجی ٹی وی کے ایسوسی ایٹ پروڈیوسر تھے۔ ڈسپوزل اسکواڈ کے مطابق دھماکوں میں 4 کلو گرام بارودی مواد کےساتھ بال بیرنگ بھی استعمال کئے گئے۔ نازک حالت کے پیش نظر زخمیوں کو آغاخان اسپتال اور نجی اسپتال منتقل کر دیا گیا۔

وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے آئی جی پولیس سندھ سے چوبیس گھنٹوں میں رپورٹ طلب کر لی ہے۔