کراچی (جیوڈیسک) کراچی میں خالد بن ولید روڈ پر واقع محفل مرتضی امام بارگاہ کے قریب بم دھماکے میں ایک خاتون ہلاک جبکہ اس کی بہو سمیت دو افراد زخمی ہو گئے۔
پولیس کے مطابق فیروز آباد تھانے کی حدود پی ای سی ایچ سوسائٹی میں محفل مرتضی امام بارگاہ کے قریب ایک خاتون کے ہاتھ میں موجود بیگ میں بم دھماکہ ہوا، جس کے نتیجے میں خاتون موقع پر ہلاک جبکہ گارڈ کی فائرنگ سے اس کی ساتھی خاتون زخمی ہو گئی، اطلاع ملتے ہی پولیس، رینجرز اور بم ڈسپوزل اسکواڈ نے موقع پر پہنچ کر صورتحال پر قابو پایا۔
ابتدائی طور پر دونوں خواتین کو دہشت گرد قرار دیا گیا اور پولیس نے بھی واضح کیا کہ دونوں نے امام بارگاہ میں بم دھماکہ کرنے کی کوشش کی لیکن جناح اسپتال میں لائی گئی زخمی خاتون عذرا نے بیان دیا کہ مرنے والی خاتون نسرین اس کی ساس تھی، دونوں علاقے کے ایک گھر میں کام کرنے جارہی تھیں۔
گلی میں شاپنگ بیگ خوبصورت کھلونا پڑا ہوا ملا جسے انہوں نے اٹھا لیا جو اس کی ساس کے ہاتھ میں تھا کہ امام بارگاہ کے قریب پہنچتے ہی بیگ میں دھماکہ ہو گیا۔ پولیس کے مطابق دھماکے سے علاقے کا ڈرائیور محمد خان بھی زخمی ہوا۔